بلند شہر26دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بلندشہر میں ہوئے تشدد کے تقریباََ23دن ہو چکے ہیں لیکن اب تک تشدد کے دو اہم ملزم بجرنگ دل کا یوگیش راج اور بی جے پی یوا مورچہ کا شیکھر اگروال پکڑے نہیں جا سکے ہیں۔یو پی پولیس کی سب سے بڑی ناکامی یہ ہے کہ پولیس کی ناک کے نیچے سے اہم ملزم شیکھراگروال کورٹ پہنچ گیا ہے۔ہفتہ کو بلند شہرکورٹ میں پولیس کی طرف سے اس کی جائیداد کے قرقی کے نوٹس کے خلاف اپنی درخواست میں شیکھر اگروال نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تین ہفتے میں اس نوٹس کے خلاف حلف نامہ دائر کرے گا تب تک اس کی جائیداد کو کسی بھی قسم سے کوئی نقصان نہیں پہنچایاجائے۔ایک ہفتہ پہلے یوپی پولیس نے فرارسبھی ملزمین کے گھرپران کی جائیداد کے قرقی کانوٹس چسپاں کیاتھا۔گؤکشی کے واقعے کے بعدبلند بلڈشہر میں بھیڑ نے ایس ایچ اوسبودھ کمار کو گولی مار دی تھی، جبکہ تشدد میں ایک مقامی نوجوان بھی مارا گیا تھا،گؤکشی معاملے میں پولیس نے اب تک تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ وہیں تشدد کے معاملے میں اب تک 25افراد گرفت میں ہیں، جن میں سے زیادہ تر نے پولیس کے ناک کے نیچے کورٹ میں سرینڈر کیا ہے۔بتا دیں کہ بلند شہر تشدد معاملے میں اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ اس معاملے میں حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں، اس کے لئے تعریف ہونی چاہئے۔اس کے ساتھ وزیراعلیٰ یوگی نے اس واقعے کو اپنی حکومت کے خلاف سیاسی سازش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اس سازش کو بے نقاب کرنے میں کامیاب رہی ہے۔